ٹینس اسٹار اینڈی مرے 3گھنٹے طویل میچ جیت کر رو پڑے
واشنگٹن:برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے واشنگٹن میں ہونے والے سٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے میچ 3گھنٹے کے سخت مقابلے کے بعد فتح سمیٹ کر رو پڑے ۔ میچ رات 3بجے ختم ہوا اور اینڈی مرے کا کہنا تھا ایسے میچ نہ تو کھلاڑیوں اور نہ ہی شائقین کیلئے اچھے ہوتے ہیں اور منتظمین کو شیڈول پر غور کرنا چاہئے۔ اس کامیابی کے نتیجے میں اینڈی مرے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ رومانیہ کے کھلاڑی میریئس کوپل کو انہوں نے ایک سیٹ کے خسارے میں جانے کے بعد میچ میں واپس آتے ہوئے ہرا تو دیا لیکن خود بھی تھک کر چور ہوگئے ۔رات 12بجے شروع ہونے والا یہ میچ علی الصبح3بجکر2منٹ پر ختم ہوا اور اس کے بعد مرے اپنی نشست پر جاکر تولئے میں منہ چھپا کر روپڑے ۔یہ اس ایونٹ میں سب سے تاخیر سے ختم ہونے والا میچ ثابت ہوا اور اینڈی مرے اس کے شیڈول پر برہم نظر آئے انہوں نے کہا یہ صورتحال کسی حق میں نہیں نہ تو یہ کھلاڑیوں، نہ شائقین اور نہ ہی میچ ٹیلی کاسٹ کرنے والوں کیلئے کوئی اچھی صورتحال ہے کہ میچ آدھی رات کو شروع ہو اور صبح تک جاری رہے۔انجری مسائل سے دوچار اینڈی مرے تقریباً ایک سال کے بعداتنا سخت میچ کھیلے ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں یہ ان کی تیسری کامیابی ہے۔