ایئر کنڈیشنرز زندگی بھی موت بھی
نیویارک.... گرمیوں میں درجہ حرارت کو کم کرنے کیلئے استعمال ہونے والے آلات ”زندگی بھی اور موت بھی“ ہیں۔ ایئرکنڈیشنرز اور دیگر کولنگ آلات جہاں بڑھتے درجہ حرارت اور حدت میں کمی کیلئے دنیا بھر میں کروڑوں انسانوں کے لئے نہایت ضروری ہیں تاہم یہی آلات عالمی سطح پر درجہ حرارت کے اضافہ کے اسباب میں بھی سرفہرست ہیں۔تحقیقی رپورٹ کے مطابق 2050ءتک دنیا بھر میں کولنگ آلات کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہو جائے گا اور ان کی تعداد 14 ارب یونٹس تک بڑھ جائے گی۔ ماحولیات اور موسمیاتی تغیرات کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ اگر کولنگ آلات میں اضافہ کی شرح برقرار رہی اور اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہ کئے گئے اور ضرر رساں گیسوں کا اخراج اسی طرح جاری رہا تو عالمی سطح پر درجہ حرارت میں اضافہ کی شرح غیرمعمولی طور پر بڑھ جائے گی۔ کولنگ کے آلات کے استعمال میں اضافے سے ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور یہ ضرر رساں گیسیں زمینی درجہ حرارت میں اضافے کا بنیادی سبب ہیں۔