انگلینڈ سیریز میں جاندار کم بیک کرینگے، کوہلی
لندن: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست پر بہت مایو سی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص بیٹنگ انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے میچ میں شکست کا سبب بنی۔ ویرات نے کہا کہ دوسرا میچ جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کریں گے۔ انگلینڈ نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ہند کو 31 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔ انگلینڈ اور ہند کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (کل) جمعرات سے لندن میں شروع ہوگا۔ ہندوستانی قائد نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ناقص بیٹنگ کی وجہ سے ٹیم مومینٹم برقرار نہ رکھ سکی جس کی وجہ سے ہم میزبان ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شکست کو مثبت لیں گے اور سیریز کے دوسرے میچ میں بہتر کھیل پیش کر کے سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اچھی ٹیم ہے اس لئے سیریز میں اسے زیر کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔