انگلینڈ کی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں 58 رنز پر ڈھیر
آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے بولرز ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساوتھی نے انگلینڈ کی ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں۔ مہمان انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 58 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں بہترین آغاز کیا۔ انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی بولٹ اور ساوتھی کی برق رفتار گیندوں کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا،حیرت انگیز طور پر انگلینڈ کے 9کھلاڑی صرف 27 رنز پرآوٹ ہو گئے تھے لیکن کریگ اوورٹن نے جیمز اینڈرسن کے ساتھ مل کر دسویں وکٹ کی شراکت میں 31 رنز بنا کر ٹیم کے آنسو پونچھے اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اننگز کے کم ترین اسکور پر آوٹ ہونے سے بچایا، انگلینڈ کے 9 کھلاڑی ڈبل فگر عبور کرنے میں ناکام رہے جن میں سے 5 کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے ، اوورٹن نے 33 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔نیوزی لینڈ کے بولرٹرنٹ بولٹ نے10.4اوورز میں32رنز دے کر 6 اور ساوتھی نے نے 10اوورز میںصرف 25رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنا کر 117 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔کپتان کین ولیمسن 91 اور ہنری نیکولز 24 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں، جیمز اینڈرسن نے 2 اور ا سٹورٹ براڈ نے ایک وکٹ لی۔