حرمین روڈ پر عظیم الشان حجاج استقبالیہ مرکز
مکہ مکرمہ .... گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے حرمین روڈ (مکہ-جدہ) پر ضیوف الرحمن کیلئے قائم استقبالیہ مرکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے استقبالیہ مرکز کو جدید تر بنانے کیلئے تیار کردہ حتمی نقشے کی منظوری دیدی۔ یہ 1440ھ میں تیار ہوجائیگا۔ یہ 448ہزار مربع میٹر پر تعمیر ہوگا۔ یہاں 4ہزارسے زیادہ گاڑیاں پارک کی جاسکیں گی۔ 8لائنیں بنائی جائیں گی۔ یہاں تمام متعلقہ اداروں کے دفاتر ہونگے۔ 800ملازموں کی گنجائش ہوگی۔ مسجد تعمیر ہوگی۔ اس کے صحن ہونگے جہاں 20ہزار سے زیادہ افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ یہاں حاجیوں کی کارروائی زیادہ سے زیادہ 7منٹ میں نمٹائی جائیگی۔ استقبالیہ مرکز میں تقریبات ہال مختلف خدمات فراہم کرنے والے وسائل، رہائشی عمارتیں بھی ہونگی۔ حال ہی میں نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر نے مکہ مکرمہ شاہراہ پر ”النواریہ“ استقبالیہ مرکزکا افتتاح کیا تھا۔