عاطف کا ہندوستانی گانا، پاکستانی سیخ پا
پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کونیویارک میں جشن آزادی پریڈ میں ہندوستانی فلم کا گانا سنانا مہنگا پڑ گیا۔ شرکاءناراض ہوکر گلوکار کا کنسرٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ عاطف اسلم کے ہندوستانی گانا گانے پر پاکستانی کمیونٹی سیخ پا ہوگئی۔ شرکاءنے کہا کہ عاطف نے ہندوستانی گانے گائے اور پاکستانی ملی نغمے پیش کرنے کا مطالبہ رد کر دیا ۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے پاکستانی جھنڈا پکڑنے سے بھی انکار کیا جبکہ ان کے ہندوستانی اسپانسر اپنی مان مانی کرتے رہے۔اس موقع پر پاکستانیوں اور مقامی پاکستانی میڈیا سے بھی توہین آمیز سلوک کیا گیا۔پاکستان ڈے پریڈ میں عاطف اسلم کو 80 ہزار ڈالرز کا معاوضہ دیا گیا جو آج تک کسی اور آرٹسٹ کو نہیں دیا گیا۔پاکستانی کمیونٹی نے مطالبہ کیا کہ گلوکار عاطف اسلم کا بائیکاٹ کیا جائے۔ گلوکار کو سوشل میڈیا پر بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا۔گلوکار محمد علی شہکی نے کہا کہ جشن آزادی پریڈ میں ہندوستانی گانا گانا مناسب نہیں ۔مجھ سے کوئی ہندوستانی گانے کی فرمائش کرتا تو منع کردیتا۔ندیم جعفری نے کہا کہ جشن آزادی پریڈ میں ہندوستانی گانا نہیں گانا چاہئے تھا۔گلوکار ابرار الحق نے کہا کہ عاطف اسلم کو خیال کرنا چاہئے تھا، غلطی درگزر کردیں۔واضح رہے کہ عاطف اسلم نے ہندوستانی گانا ’تیرا ہونے لگا ہوں‘ گایا تھا۔