ریاض.... سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بتایا ہے کہ خادم حرمین شریفین نے کینیڈا میں متاثر سعودیوں کے مفادات کا خیال کرنے او رانہیں تمام شعبوں میں مدد دینے کیلئے سعودی سفارتخانے میں 2آپریشن روم تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ الجبیر نے بتایا کہ سعودی عرب اپنے ہموطنوں کا انتہا درجے خیال رکھتا ہے اور ہر شعبے میں انہیں تعاون دینے کا شیوہ اپنائے ہوئے ہے اس میں نہ کبھی بخل سے کام لیا ہے او رنہ ہی لیگا۔ الجبیر نے پریس کانفرنس کے دوران کینیڈا سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ معاملات کے سلسلے میں اپنا انداز تبدیل کرے۔ اسے یہ کام کرنا ہوگا۔ سعودی عرب کسی کے بھی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا لہذا اپنے معاملات میں بھی کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیگا۔ مملکت کینیڈا میں اپنے شہریوں کے مفادات کی پاسداری کررہی ہے۔ سعودی عرب میں سرمایہ کاری بدستور قائم ہے۔ بحران سے نئی سرمایہ کاری متاثر نہیں ہوگی۔