کاٹن کی ساڑھی ، فیشن میں نیا رجحان
ملبوسات میں فیشن ٹرینڈز اور خواتین کی پسند بدلتی رہتی ہے ۔ ساڑھی لباس کا ایک منفرد انداز تصور کی جاتی ہے اور اب فیشن کی دنیا میں شیفون اور سلک کی ساڑھیوں کے ساتھ ساتھ کاٹن کی ساڑھی اپنی جگہ بنا رہی ہے ۔ یہ ساڑھی نوجوان خواتین کے لئے بہترین انتخاب ہے ۔ اسے دن میں کسی بھی وقت ہر قسم کی تقریب میں سے زیب تن کیا جا سکتا ہے اور شیفون اور سلک کی ساڑھی کے مقابلے میں اسے سنبھالنا بھی زیادہ آسان ہوتا ہے ۔ پاکستان کی بڑی آبادی چونکہ نوجوان افراد پر مشتمل ہے لہذا کسی بھی فیشن ٹرینڈ کی مقبولیت اور کامیابی کا انحصار نوجوان خواتین کی پسند پر ہوتا ہے اس لئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ہمارے یہاں کا فیشن نوجوان لڑکیوں کی پسند اور ضرورت کے مطابق ترتیب دیا جاتا ہے ۔ کاٹن کی ساڑھی کی مقبولیت کی بات کی جائے تو ماہرین ملبوسات اسے روایتی قدیم اور جدید یت کے حسین امتزاج سے ہم آہنگ کر رہے ہیں ۔ ڈیزائن ، رنگوں کا انتخاب ، آستین اور گلے کا دلفریب اسٹائل اور کڑھائی کا دلکش انداز اس سے دلچسپ اور خوبصورت بناتا ہے ۔ کاٹن کی ساڑھی سادگی و پرکاری کا نمونہ ہوتی ہے ۔ اسے سٹائلیش بنانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ بلاؤز کی تیاری پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ پھلکاری پرنٹ والی کھادی ساڑھی ہو ، یا خالص کاٹن سے تیار کئے گئے دلکش ڈیزائن ، ہاتھ سے بنی ہوئی کاٹن سلک ہو یا کاٹن نیٹ پر دھاگے کے دلکش انداز ، ہر طرح کی ساڑھی کو خوبصورتی سے اپنایا جا سکتا ہے بس خیال یہ رہے کہ ساڑھی کا انتخاب اپنی عمر اور شخصیت کے مطابق کریں تاکہ اس سٹائل کو شاندار انداز میں اپنایا جا سکے اور آپ اسے زیب تن کرکے انتہائی پر اعتماد دکھائی دیں ۔