یوگی کوسیاہ پرچم دکھانے پر چودھری وجیندر گرفتار
علی گڑھ- - - - اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سےملاقات کا وقت نہ دیئے جانے پر کانگریس کے ناراض سابق رکن پارلیمنٹ اور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری وجیندر سنگھ نے احتجاجاً آج اس وقت یوگی آدتیہ ناتھ کوسیاہ پرچم دکھانے کی کوشش کی جب وہ علی گڑھ ڈیفنس کوریڈور کا افتتاح کرنے پہنچے۔ انہیں پولس لائن سے قبل جیل روڈ پر ہی گرفتار کر لیاگیا۔ چودھری وجیندر سنگھ کے ساتھ تقریباً 50 سے زائد کانگریس کارکنان بھی تھے جنھیں گرفتاری کے بعد پولس لائن کی عارضی جیل میں رکھا گیا ،یوگی کے چلے جانے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ ناراض چودھری وجیندر نے یوگی آدتیہ ناتھ کی علی گڑھ آمد سے ایک دن پہلے ہی انھیں کالا جھنڈا دکھانے کا اعلان کیاتھاجس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئےانہیں انکے حامیوںکےساتھ گرفتار کر لیا۔ عارضی جیل سے چھوٹنے کے بعد چودھری وجیندر نے عوام سےکہا کہ ایسی حکومت کو انتخابات میں سبق سکھائیں جوبڑے سرمایہ کاروں اور مالداروںکو فائدہ پہنچانے کے لیے عوام سے کیے گئے وعدے بھول جاتی ہے۔اس موقع پر کانگریس کے سابق ایم ایل سی و قومی سکریٹری وویک بنسل نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مکمل طور پر کسان اور غریبوں کی مخالف اور امیروں کی خیرخواہ بنی ہوئی ہے۔علی گڑھ ڈیفنس کواریڈور محض خام خیالی ہے۔ وویک نے مزید کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔