ماں نے بچے کے رونے سے تنگ آکرہمیشہ کیلئے خاموش کردیا
بھیونڈی۔۔۔۔ایک خاتون نے 6ماہ کے بچے کو صرف اسلئے پانی میں ڈبوکر ہلاک کردیا کہ وہ مسلسل رورہا تھا۔ یہ واقعہ بھیونڈی تالوکا کے کواڈگاؤں میں پیش آیا۔ بچہ پیدائشی بیمار تھا اور وہ ہمہ وقت روتا رہتا تھا۔پولیس کے مطابق خاتون کلپنا گائکر کے 2بچے تھے ۔6ماہ کا سرلبھ پیدا ئش کے بعدسے ہی سردی ، کھانسی اور تیز بخار میں مبتلا رہا کرتا تھا۔ چائلڈ اسپیشلسٹ سے علاج کرانے کے بجائے جھاڑ پھونک کا سہارا لیا جارہا تھا جسکے باعث بچے کی حالت مزید خراب ہوتی چلی گئی۔ بچے کی بیماری سے تنگ ماں نے نتیانند کالونی میں بہتے ہوئے نالے میں ڈبوکر ہلاک کردیا۔بچے کی موت کے بعد کلپنا نے میکے جاکر اپنی ماں سے کہا کہ کسی نے بچیکا گلا دباکر قتل کردیا۔گاؤں والوں کو اس کی بات پر یقین نہیں آیا ۔لوگوں کو کلپنا پر ہی شبہ تھا تاہم پولیس نے بچے کی ماں سے پوچھ گچھ کی تو اس نے اقبال جرم کرلیا۔