عظیم حج سیمینار کا 40 واں سیشن آج مکہ میں منعقد ہوگا
مکہ مکرمہ ...وزارت حج و عمرہ آج منگل کو اپنا 40واں عظیم حج سیمینار منعقد کریگی۔ اسکا عنوان ”حج ثقافت مقصود شریعت اور تقاضائے انسانیت “ ہے۔ یہ مکہ مکرمہ میں ہوگا۔ اس میں اسلامی علوم اور حج امور کے 200ماہر اسکالرز، عالم اور دانشور شریک ہونگے۔ سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ پیش پیش ہونگے۔ عظیم حج سیمینار کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہشام العباس نے بتایا کہ سیمینار 2روز تک جاری رہیگا۔ اس کے 5کلیدی موضوعات متعین کئے گئے ہیں۔ پہلا موضوع ہے حج ثقافت کیا ہے اور یہ کن عناصر کا مجموعہ ہے دوسرا موضوع حج ثقافت مقصود شریعت ہے کس طرح؟ تیسرا موضوع حج ثقافت، انسانی تمدن کا تقاضا ہے، چوتھا موضوع حج ثقافت مشترکہ اقدار اور مقامی خصوصیات جبکہ پانچواں موضوع حج ثقافت سرزمین حرمین شریفین ہے۔ العباس نے توجہ دلائی کہ سیمینار کا مقصد حج ثقافت کے تصور کو اجاگر کرنا ہے۔ وزارت حج و عمرہ چاہتی ہے کہ حجاج کے کردار اور گفتار سے حج ثقافت منعکس ہونی چاہئے۔ کیسے منعکس ہو اس سوال کا جواب سیمینار کے شرکاءدینگے۔