ریاض- - - - ہندوستانی سفیر احمد جاوید نے کہا ہے کہ ہماری قیادت سعودی عرب کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوشا ںہے۔ 72ویں یوم آزادی ہند کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے مملکت میں مقیم ہندوستانیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہند آج دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے جہاں 1.3بلین ہندوستانی مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ہماری معیشت 7فیصد کی شرح سے نمو پا رہی ہے اور دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی پانے والی معیشت ہے۔ یہ دنیا کی چھٹی سب سے بڑی معیشت ہے۔ ہندوستانی حکومت نے معیشت کی ترقی کیلئے متعدد پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مملکت سعودی عرب کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ یہ تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔ سال رواں کے دوران ہند کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ اس نے جنادریہ 2018ء میں اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور وزیرخارجہ سشما سوراج نے ہندوستانی پویلین کا افتتاح کیا تھا۔ سفیر ہندنے کہا کہ ہند اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ سعودی عرب نے ہند کو توانائی کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہند، سعودی عرب سے 19فیصد تیل درآمد کرتا ہے۔ دوطرفہ تجارت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب میں 30لاکھ سے زیادہ ہندوستانی کام کرتے ہیں۔ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ انہوں نے مملکت کی ترقی کیلئے جو کام کیا ہے۔ اس کا یہاں اعتراف کیا جاتا ہے۔حج 2018ء قریب آچکا ہے۔ سعودی حکام نے پرامن اور آرام دہ حج کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ سعودی قیادت ہندوستانی حاجیوں کو جو شاندار خدمات فراہم کر رہی ہے۔ میں اس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ہندوستانی باشندے اسی لگن اور خلوص کے ساتھ ہند سعودی عرب تعلقات کو مضبوط تر بنانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں:- - - - -تلنگانہ این آر آئی فورم کا خدام الحجاج کی ٹریننگ کیلئے ورکشاپ و سیمینار