صدق دل اور سچے جذبے سے کام کیا جائے تو کامیابی یقینی ہوتی ہے ، سفیر ہند
جنادریہ فیسٹیول کے بعد ہندوستان کیلئے سفارتخانہ ہند ریاض پر وزٹ ویزا حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اچانک ریکارڈ اضافہ ہو گیا،
کے این واصف ۔ ریاض
جنادریہ فیسٹیول ایک اہم اور معروف ثقافتی میلہ ہے جو ہر سال مملکت کے دارالحکومت ریاض میں منعقد کیاجاتا ہے۔ شہر کے مضافات میں ایک وسیع و عریض میدان میں اس میلے کا اہتمام نیشنل گارڈز کی زیر نگرانی کیاجاتا ا ہے۔ فیسٹیول میں اس سال ہندوستان کو پویلین قائم کرنے کیلئے نیشنل گارڈز نے ایک وسیع پلاٹ الاٹ کیا تھا۔ جنادریہ میلے میں ہر سال کسی ایک ملک کو مہمان خصوصی کا اعزاز دیکر انہیں اپنے ملک کا پویلین قائم کرنے کیلئے جگہ مہیا کی جاتی ہے۔گزشتہ اتوار کو ریاض کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں انڈین بزنس کمیونٹی کی جانب سے شاندار تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر ہند ، نائب سفیر اور سفارتخانہ ریاض کے دیگر سفارتکاروں کو انڈین بزنس کمیونٹی کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ اسکے علاوہ ان سماجی کارکنان کو بھی تہنیت پیش کی گئی جنہوں نے جنادریہ فیسٹیول 2018ء میں ایمبیسی کو اپنی خدمات پیش کی تھیں۔ اس پروقار تقریب کے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے سفیر ہند احمد جاوید نے جنادریہ فیسٹیول میں خدمات انجام دینے والی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدق دل اور سچے جذبے سے کام کیا جائے تو کامیابی یقینی ہوجاتی ہے۔ جنادریہ میں ہندوستانی پویلین کو مقبولیت ایمبیسی اسٹاف اور سماجی کارکنان کی اجتماعی کوششوں سے حاصل ہوئی۔ احمد جاوید نے کہا کہ ہندوستانی پویلین میں ملک کی ہمہ جہت ترقی جھلکیاں کاٹیج انڈسٹری شو، روایتی صنعت و حرفت، خطاطی کی نمائش، قدیم قرآنی نسخے، این آر آئیز تنظیموں کی جانب سے پیش کردہ ملک کی مختلف ریاستوں کے روایتی کلچرز، روایتی علاج معالجہ کی سہولتیں، سیر و سیاحت وغیرہ کو تصویرو ںاور آڈیو وژول شوز ، روایتی رقص کے پروگرامز اور بالی وڈ شوز کی پیشکش نے سعودی اور دیگر ممالک کے مہمانوں کا مرکز نظر بنایا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنادریہ فیسٹیول کے بعد ہندوستان کیلئے سفارتخانہ ہند ریاض پر وزٹ ویزا حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اچانک ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا گیا۔
نائب سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنادریہ کے زائرین میں انڈین پویلین پر دیگر پروگرامز کے علاوہ یوگا کے مظاہرے نے عوام کو راغب کیا۔ چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی انجینیئر عبدالنعیم نے کہا کہ جنادریہ فیسٹیول نے سعودی عرب میں ہندوستانی مصنوعات، ترقی پروگرامز پیشکش اور ہندوستانی کلچر کی پیشکش کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوا۔ اس موقع پر کمیٹی کی جانب سے سفیر ہند کو ایک یادگاری مومنٹو بھی پیش کیا گیا جبکہ سفیر ہند کے ہاتھوں انڈین بزنس کمیونٹی کے اراکین کو مومنٹو پیش کئے گئے۔ مومنٹوز حاصل کرنے والوں میں ایم وی رائو، ضمیر محمد، عبدالنعیم، ڈاکٹر فادی الغریب، بی ودیا ساگر ، ایس ابراہیم، محمد افنان، ڈاکٹر ایس راج، محمد رفیع، ڈاکٹر محمد اشرف علی، انجینیئر محمد شکیل شامل تھے۔ اسکے علاوہ نائب سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان، ڈاکٹر حفظ الرحمان ، نوین کنوال شرما، ڈاکٹر سی رام بابو اوروجے کمار سنگھ بھی سفیر ہند کے ہاتھوں مومنٹو حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔ اس محفل میں انڈین اور سعودی بزنس کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حافظ یزید حسین کی قرأت کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوا۔ عمر خان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ آخر میں سعودی اور ہندوستانی قومی ترانہ پیش کیا گیا جس پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔