اٹل جی کیلئے قومی مفاد بالا تر تھا، یوگی
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہندوستانی سیاست میں اقدار اور اصولوں کو ترجیح دینے والے دور اندیش رہنما، ہندوستانی سیاست کی عظیم شخصیت سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی موت ہندوستانی سیاست کے ایک عظیم دور کا خاتمہ ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی کیلئے قومی مفاد بالا تر تھا ۔ قوم کے تئیں ان کی خدمات کے اعتراف میں ملک کااعلیٰ ترین اعزاز ’’بھارت رتن‘‘ سے نوازا گیا۔انہوں نے سیاست کو اقدار اور اصولوں سے مربوط کرتے ہوئے ملک میں گڈ گورنینس کی بنیاد رکھی تھی۔واجپئی کی شخصیت کو کثیر جہتی اور محرک قراردیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ مقبول عام تھے جن کا سبھی احترام کرتے تھے۔ ہندوستان کی جمہوری تاریخ میں اٹل بہاری واجپئی جیسی شخصیت ملنا مشکل ہے۔ ان کی 6عشروں پر محیط بے داغ سیاسی زندگی کے کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔