کیرالا سیلاب: 8ہزار کروڑ کا نقصان،مرنیوالوں کی تعداد167ہوگئی
تریوندرم۔۔۔۔۔کیرالا میں سیلاب کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنرئی وجین سے ٹیلیفون پر ریاست میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔مودی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج کیرالا کا دورہ کرینگے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب سے ابتک 167افراد ہلاک ہوچکی ہیں۔سڑکیں، املاک اور فصلیں تباہ ہوگئیں جس سے تقریباً8ہزار کروڑسے زیادہ کا نقصان ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے 14اضلاع میں سے 13ضلعوں میں دوبارہ الرٹ جاری کردیا گیا۔ اس کے علاوہ سینٹرل واٹر کمیشن کے تمام 9فلڈ مانیٹرنگ اسٹیشنوں سے سیلاب کی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔سیلاب زدہ اضلاع میں بچاؤ ور احت رسانی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ فضائیہ ، بحریہ اور ساحلی افواج سمیت این ڈی آر ایف کی 52ٹیمیں سیلاب میں گھرے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔