نئی دہلی ... یوپی کے سابق وزیراعلیٰ اورسماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے آنجہانی وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر ڈالی ہے۔ جس میں اٹل جی اکھلیش کی شادی پر انہیں گلدستہ پیش کررہے ہیں۔ اس موقع پر اکھلیش کے والد ملائم سنگھ یادو بھی نظر آرہے ہیں۔ اکھلیش کی ڈمپل یادو سے شادی نومبر 1999ءمیں ہوئی تھی۔ اس موقع پر اکھلیش نے تحریر کیا کہ آنجہانی اٹل جی پارٹی سیاست سے بالاتر تھے۔ انہوں نے ہمیں سکھایا کہ پارٹی کے اصولوں پر قائم رہا جائے۔ جب بھی سیاست پٹری سے اتری انہوں نے سیدھا راستہ دکھایا۔ انہوں نے ہمیں سکھایا کہ کس طرح دوسرے ملکوں سے دوستی کی جاتی ہے۔ انکے گزر جانے سے ہندوستانی سیاست و ادب کی دنیا ایک ممتازآواز کھو بیٹھی۔