نیک تمنائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، سنیل گواسکر
نئی دہلی: ہندوستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکرنے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان بننے پر عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شریک نہ ہوسکے جس کا انہیں افسوس ہے لیکن میری نیک تمنائیں عمران خان کے ساتھ ہیں۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ عمران خان کو میں 1971ءسے جانتا ہوں جب وہ انگلینڈ میں ووسٹر شائرکاونٹی کی ٹیم میں جگہ کیلئے تگ و دو کر رہے تھے، مجھے معلوم ہے کہ وہ ہمیشہ جیت پر یقین رکھتے ہیں۔ کرکٹ ورلڈ کپ 1992 میں مایوس کن آغاز پربھی ان کا اعتماد غیر متزلزل تھا۔ہندوستانی لیجنڈ نے پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ میں 1986ءمیں ریٹائرمنٹ لے رہا تھا لیکن عمران خان کے ایک چیلنج نے مجھے ایسا کرنے سے روک دیا۔ عمران خان نے کہا کہ آئندہ برس میں ہند کے خلاف سیریز کھیلنے آوں گا اور ہند کو ہرانا چاہتا ہوں، آپ ریٹائر ہو گئے تو مزا نہیں آئے گا جس پر میں نے سوچا کہ ریٹائرمنٹ سے پہلے مجھے عمران الیون کے خلاف سیریز ضرور کھیلنی چاہئے۔ پاکستان نے 1987ءمیں عمران خان کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی۔