سیکولرزم ہندوستان کی پہچان ، شان اور آن بان ہے ، مقررین
ہمیں فخر ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے سیکولر ملک ہندوستان کے باشندے ہیں ، 72 ویں جشن آزادی ہندکی تقریب سے شرکاء کا اظہار خیال
امین انصاری۔ جدہ
عارف قریشی نے اپنے گھر پر 72 واں جشن یوم آزادی ہند پرتپاک طریقہ سے منایا ۔ ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔ہندوستانی پرچم کے تینوں کلرز اور چکرویو سے مزین کیک بنوایا گیا ۔ شرکاء نے کیک کاٹ کر قومی ترانہ پڑھا ۔بعد ازاں میزبان نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تنظیم انڈین کلچرل سوسائٹی وطن سے ہزاروں میل دور رہتے ہوئے ہر سال 15 اگست کو جشن آزادی اور 26 جنوری کو جشن جمہوریہ کا بڑے پیمانے پر انعقاد کرکے دیار غیر میں مقیم ہندوستانیوں کے جذبات کو جلا بخشتی ہے ۔ ہمارے یہ جشن گزشتہ 40 سال سے ناغہ کئے بعیر منایا جارہا ہے ۔ عار ف قریشی نے کہا کہ ہم ہندوستانی این آر آئیز دنیا کے کسی بھی کونے میں رہیں اپنے ملک کا نہ صرف نام روشن کرتے ہیں بلکہ ملکی معیشت اور اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسے ملک کے باشندے ہیں جو دنیا کا سب سے بڑا سیکولر ملک ہے ۔ ہماری ہندو ، مسلم ، سکھ اور عیسائی برادری کے اخوت اور بھائی چارگی کی مثال پوری دنیا میں دی جاتی ہے ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کیلئے کسی ہندوستانی کا دل دھڑکا تو وہ کرم چند داس موہن داس گاندھی کا تھا جو ایک این آر آئی تھے ۔ معلوم ہوا کہ وطن سے دور رہکر وطن کی یادیں اور اس کی ترقی کی سوچ نہ صرف بلند ہوتی ہے بلکہ ارادے بھی اونچے ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ این آرا ٓئیز کا وطن کی ترقی میں اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں چند شرپسند عناصر سیکولرزم کی دھجیاں اڑانے پر تلے ہوئے ہیں ۔یہی سیکولرزم ہندوستان کی پہچان ، شان اور آن بان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی نوجوان تعلیم او رہنر کے شعبوں میں مہارت حاصل کریں اپنے حوصلوں کو بلند رکھیں ۔ جب کسی قوم کو گمراہیوں کے دلدل میں دھکیلنا ہوتا ہے تو اس کے حوصلے پست ،تعلیم اور تہذیب و تمدن سے دور کردیا جاتا ہے ایسے میں یہ قوم گمنامیوں کے دلدل میں پھنس جاتی ہے۔ تقریب جشن آزادی ہند سے کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات سید خواجہ وقار الدین ، عبید الرحمان ، حسن بایزید ،میر محمود علی ،ڈاکٹر اشفاق منیار ، اعجاز احمد خان ، محمود مصری ، محمد یوسف ، عبدالرحمان بیگ ، محمد اقبال سولکر، مجیب صدیقی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقینا ہم وطن سے دور ہیں لیکن ہمارے دل وطن عزیز میں دھڑکتے ہیں ۔ اس پرمسرت موقع پر سبھی نے عہد کیا کہ ہم قوم و ملت اور ملک کی ترقی اور سرخروئی کیلئے جدوجہد کریں گے اور دامے ، درمے ، سخنے حصہ لیں گے ۔ اس موقع پر مقررین نے آزادی ہند میں شہید ہونے والے شہدا کو سلامی پیش کی اور انکی شجاعت و بہادر کو یاد کیا ۔ محمود مصری نے شکریہ ادا کیا ۔