گوشت ہمیشہ ہلکی آنچ پر پکائیں . فریزر سے نکال کر ڈیڑھ گھنٹہ پہلے باہر رکھیں تاکہ برف پگھل جائے پھر پکائیں .
اگر ذرا سی غلطی سے ہانڈی جل جاتی ہے تو خواتین فوراً پانی ڈال دیتی ہیں اس طرح سارے کچن میں جلنے کی بدبو پھیل جاتی ہے . ایسا ہو تو اوپر اوپر سے بوٹیاں نکالیں دوبارہ مصالحہ بھون کر گوشت ڈالیں اور اس میں آدھا کپ دودھ شامل کر دیں . اس سے بدبو بالکل ختم ہو جائے گی .
کلیئر سوپ بنانے کے لیے یخنی اچھی طرح چھان لیں پھر سوتی کپڑے میں برف کے کیوب رکھیے . ان کی پوٹلی بنا کر یخنی پر اچھی طرح پھیریے . یخنی کا سارا چکنا پن پوٹلی پر لگ جائے گا اور بالکل صاف سوپ نکل آئے گا .
گائے کا گوشت سخت ہو تو گلتا نہیں . اگر اس پر تھوڑا سا کچا پپیتہ لگا کر گھنٹہ ، ڈیڑھ گھنٹہ پہلے رکھ دیا جائے تو گوشت جلدی گل جاتا ہے .
گوشت کے سالن میں اگر نمک تیز ہو جائے تو گندھے ہوئے آٹے کی تین چار ٹکیاں بنا کر سالن میں ڈال دیں نمک کم ہو جائے گا .
ہانڈی میں غلطی سے مرچ زیادہ ہو جائے تو آپ پریشان نہ ہوں . اسکا سارا گھی نتھار لیں اور دوسرا گھی ڈالیں . سبزی ڈالنے سے بھی مرچ کم ہو جاتی ہے .
گھر میں جو روسٹ یا ہنٹر بیف بنائیں وہ جلدی خشک ہونے لگتا ہے . آپ موٹا کپڑا لے کر چار تہہ کر کے پانی میں بھگو کر نچوڑ کر روسٹ یا ہنٹر بیف لپیٹ کر فرج میں رکھیں . روسٹ کئی دن تک نرم رہے گا .