جوز بٹلر اور بین اسٹاکس سے سبق حاصل کریں
ناٹنگھم: سیریز کا تیسرا ٹیسٹ ہارنے کے بعد انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوائے روٹ نے کہا ہے کہ میں چاہتاہوں کہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہند کے خلاف جوز بٹلر اوربین اسٹاکس کی مثال سے سبق حاصل کریں کیونکہ یہ دونوں ہی کھلاڑی مخالف ٹیم کیخلاف ”ڈرائیونگ سیٹ“ پر تھے۔ روٹ نے اعتراف کیا کہ ہماری پہلی اننگز خراب رہی۔ ہم نے ٹیم کیساتھ بیٹھ کر اس بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ سب کا یہی کہناتھا کہ ہم نے بہت کم رنز بنائے جبکہ جوز اور بین اسٹاک کا کھیل واقعی مثالی تھا اور اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کیسے آگے بڑھا جائے۔ یہ دونو ں جارح مزاج کرکٹر ہیں اور جانتے ہیں کہ کس طرح کھیل کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ ان دونوں نے بڑی مضبوط پارٹنر شپ بنائی اور ہندوستانی بولرز کو دباﺅ میں رکھا۔ دریں اثناء روٹ نے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ایلسٹر کک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ کک آپ کے ساتھ کھیلتے رہیں تو انہوں نے کہاکہ ہاں سو فیصد۔ وہ عالمی سطح کے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے بار بار خود کو ثابت کیا ہے۔