Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج نے تیسرے دن شیطانوں کو کنکریاں ماریں ، طواف ودا ع کےلئے مکہ پہنچ گئے

منیٰ.... حجاج کرام نے تیسرے دن تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں اور منی ٰکو الوداع کہہ دیا ۔ حج پروگرام کے تحت حجاج کرام کی کچھ تعداد آج ایام تشریق کے تیسرے دن بھی منیٰ میں قیام کرکے شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے جس کے بعد وہ مکہ مکرمہ روانہ ہوجائیں گے جہاں طواف الوداع کے بعدبیرون ملک سے آنے والوں کی روانگی کا پروگرام شرو ع ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق حج 2018 کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچا ۔ ایام حج میں کسی قسم کے مشکل حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ حجاج کرام نے انتہائی آرام اور سکون سے مناسک حج ادا کئے جن میں وقوف عرفہ ، مزدلفہ اور قیام منی شامل تھا ۔وزارت حج کی جانب سے بیرون ملک اور اندرون مملکت سے آنے والے حجاج کرام کےلئے رمی جمرات کے اوقات متعین کر دیئے گئے تھے جو پہلے سے ہی حج مشنز اور لوکل حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو فراہم کئے گئے ۔ رمی کے لئے حجاج کو گروپوں میں تقسیم کیاگیا تھا تاکہ جمرات کے مقام پر ازدحام نہ ہو اور کسی قسم کا سانحہ پیش نہ آئے ۔ وزارت حج کی جانب سے بہترین حکمت عملی مرتب کی گئی تھی جس پر حج مشننز اور لوکل حج گروپس نے عمل کروایا ۔ جمرات کے لئے مرتب کی گئی حکمت عملی کامیاب رہی اور حجاج کرام نے تینوں دن آرام سے رمی کی اور منی میں قیام کیا ۔اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعدا د ایام تشریق کے دوسرے روز جمرات کی جانب جانے والے راستوں پر موجود تھی تاکہ جانے والے راستوں پر ازدحام نہ ہو ۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے حکمت عملی کے مطابق حجاج کے لئے آمد ورفت کے جدا جدا راستوں کومتعین کیا تھا تاکہ جانے والے راستے کو رمی کے بعد آنے والے استعمال نہ کریں ۔ یک طرفہ راستوں کے تعین کی وجہ سے کسی قسم کی بھگدڑ کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور حجاج کرام آرام سے رمی کےلئے جمرات گئے جہاں تینوں شیطانوں کو 7، 7 کنکریاں ماریں ۔ جمرات پرموجود سیکیورٹی اہلکار بھی رمی کےلئے آنے والے معمر اور بچوں کی مدد کے لئے پیش پیش رہے ۔ حج ٹاسک فورس کے اہلکار حجاج کو گرمی سے بچانے کےلئے پانی کے اسپرے کرتے رہے جس کی وجہ سے راستہ آرام سے کٹ گیا اور لوگوںکو کسی قسم کی دشواری کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑا ۔حج انتظامات کے حوالے سے حجاج کرام کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے بہترین انتظامات کئے گئے ۔ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔تمام مناسک بخیر و خوبی مکمل کئے ۔ انتہائی شاندار انتظامات پر مملکت کے لئے دعا گو ہیں ۔واضح رہے حج 2018 کامیابی سے ختم ہو گیا جس کے ساتھ ہی حجاج کرام کی اپنے ملکوں کو روانگی شروع ہو جائے گی ۔ حج مشنز کی جانب سے بعداز حج منصوبے کا آغاز کر دیا گیا جبکہ حرمین شریفین میں حج سیزن کےلئے متعین اضافی عملے نے بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔

شیئر: