Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن مشقوں میں پاک، ہند فوج کی شرکت سے دوستی کا نیا باب کھلے گا

روس، چین مضبوط بلاک بن کر ابھر رہاہے، پاکستان دونوں سے فائدہ اٹھائے، تجزیہ
کراچی (صلاح الدین حیدر، بیورو چیف) حکومت کی تبدیلی کے بعد جہاں پاکستان کیلئے دنیا کے بیشتر ممالک سے خیر سگالی کی خبریں موصول ہوئیں، وہاں برصغیر کے دو بڑے پڑوسیوں دلی اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات کو بہتربنانے کے اشارے تو ملے ہی ہیں لیکن سب سے خوش آئند بات ہے دونوں ملکوں کی آرمی کے درمیان مشترکہ مشقوں کی۔حیرت کی بات ضرور ہے ،لیکن یہ مذاق نہیں حقیقت ہے ، خوشی کی خبر ہے دونوں ملکوں کی بہت بڑی اکثریت کیلئے جو ہمسایوں کے درمیان خیر سگالی اور دوستی کے رشتوں کو مضبوط ہوتے دیکھنے کے طویل عرصے سے خواہش مند ہیں۔ چین اور روس دونوں ہی پاکستان اور ہند کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے پریشان تو ہیں لیکن دامے درمے سخنے قدمے ہر طرح سے دونوں کے تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں اور اب یہ خبر کہ بیجنگ اور ماسکو نے دونوں ملکوں کی افواج کو شنگھائی کو آپریشن آرگنائزیشن کے تحت ایک ساتھ عسکری مشقوں پر قدم سے قدم ملا کر کھڑا کردیا ہے سے پاکستان میں تو خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور ایسا ہی یقینا ہند میں بھی امن پسند عوام کے جذبات ہوں گے۔ چین تو خیر ہے ہی ہمارا پرانا اور با اعتماد دوست، لیکن روس جو کہ ہم سے بہت زیادہ دوری اختیار کر گیا تھا، اب دوبارہ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے، دونوں ملکوں اور روس کی بحریہ ایک ساتھ منشیات اور سمندری حدود میں لوٹ مار کو ختم کرنے میں پچھلے3 سالوںسے مصروف عمل ہیں ، خبریں یہ بھی ہیں کہ روس اپنے جدید ترین ہوائی جہاز پاکستان ایئرفورس کو دینے کے لئے تیار ہے، بات چیت چل رہی ہے اور جلد ہی کوئی خوش خبری ملنے کی امید ہے۔ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SC0) میں پاکستان اب مستقل ممبر بن چکا ہے۔ دونوں ملکوں نے پاک ۔ ہند ملٹری کو ایک ساتھ ملا کر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے یکجا کر دیا۔ ان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں سرد مہری جو عرصے سے چلی آرہی ہے اور جس میں روز افزوں اضافہ ہی ہوتارہا ہے، کو نئی جہت پر ڈالنے میں بڑی مدد ملے گی۔ ہندوستان SCO میں پچھلے سال جولائی میں اس کا ممبر بنا ، شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن اور روس نے مل کر عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف مہم چلائی، اور ہر 2سال بعد اس کی عسکری سطح پر مشق ہوتی ہے۔پاکستان اور ہند پہلی مرتبہ ایک ساتھ ان مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں ، ظاہر ہے اس سے دوستی اور امن کا ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا ۔ کچھ نہیں تو امید کی کرن تو پھوٹے گی ۔ یہ مشقیں19سے 22 اگست تک روس کے شہر chebarkul میں جاری رہیں گی۔ چین اور روس ایک دوسرے کے بہت قریب آرہے ہیں، دنیا میں محبتوں کا نیا سیلاب ابھر رہاہے، اگرچہ سابق سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد دنیا میں امریکا واحد سپر پاور ر ہ گیا تھا، تو اب دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔روس اور چین مضبوط بلاک بن کر ابھر رہے ہیں، پاکستان کو دونوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ 
 
 

شیئر: