ایشین گیمز: ارشد ندیم نے کانسی کا تمغہ جیت لیا
جکارتہ: ایشین گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں کانسی کا تمغہ جیت کرپاکستان کو ایونٹ میں تیسرا میڈل دلا دیا۔ انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز کے ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں ارشد ندیم نے جیولین تھرو کی کیٹیگری میں 80.75 میٹر کی تھرو پھینک کر کانسی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ہند کے نیرج چوپڑا نے 88.06میٹر کی تھرو پھینک کر سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ چین کے لیو کیزن نے چاندی کا تمغہ جیتا۔اس سے قبل کراٹے اور کبڈی میں بھی پاکستان نے کانسی کے تمغے جیتے ہیں ۔دوسری جانب باکسنگ مقابلوں میں پاکستانی باکسر نقیب اللہ ایشین گیمز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔پیر کو راونڈ آف 16 میں باکسنگ کی 56 کلو گرام کیٹیگری میں باکسر نقیب اللہ نے بھوٹان کے باکسر کو شکست دیدی، وہ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کیلئے کامیاب ہو گئے ۔نقیب اللہ نے میچ میں 2-3 سے کامیابی حاصل کی اور ایونٹ میں ایک اور جیت انہیں میڈل کا حقدار بنا سکتی ہے۔کوارٹر فائنل بدھ کو کھیلا جائے گا جس میں نقیب اللہ کے مدمقابل چاینی باکسر باکسیانگ زوسے ہوں گے۔ایشین گیمز میں چین 86گولڈ، 62 سلور اور 43 برانز سمیت 191میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ 43سونے کے تمغوں سمیت 136 میڈلز کے ساتھ دوسرے اور جمہوریہ کوریا 28سونے کے تمغوں سمیت 106میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔