ایس سی سی انٹرسٹی چیمپیئن شپ: تیسرے میچ میں این سی اے کی فتح
جے آر سی اے کو 6وکٹوں سے شکست،فائنل جمعہ کو کھیلا جائیگا، ایس سی سی کے سی ای او ندیم ندوی مہمان خصوصی ہونگے
سعودی کرکٹ سینٹر کے تعاون سے انٹر سٹی چیمپیئن شپ کے تیسرے میچ میں نجران کرکٹ ایسوسی ایشن (این سی اے) نے جازان ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (جے آر سی اے) کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ایس سی سی میڈیا کوآرڈینیٹر سید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق ساوتھ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی ام صبور گراونڈ پر نجران کرکٹ ایسوسی ایشن (این سی اے) نے ٹاس جیت کر پہلے جازان ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (جے آر سی اے) کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ مقررہ 20 اوورز میں جے آر سی اے نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 150رنزبنائے، ذیشان حیدر نے 48 گیندوں پر68 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے شامل تھے، عبدالرحمان نے 4 اوورز میں19رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔جواب میں نجران کرکٹ ایسوسی ایشن(این سی اے) نے 15.3 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ محمد عادل نے 23 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے شامل تھے۔ حبیب الرحمان نے 22 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔ تنویر احمد نے 2 اوور زمیں ایک وکٹ حاصل کی اور 14 رنز دیئے۔عبدالرحمان 4 اوورز میں 3 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار پائے۔ طارق جٹ اور محمد افضل نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے۔چیمپیئن شپ کا فائنل جمعہ کو عسیر کرکٹ لیگ اور نجران کرکٹ ایسوسی ایشن کے مابین کھیلا جائیگا ۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی ایس سی سی کے سی ای او ندیم ندوی ہونگے۔