آج نہیں تو کل انصاف ضرورملے گا ، لالو پرساد
پٹنہ۔۔۔۔۔چارہ گھوٹالہ کیس میں سزا یافتہ آرجے ڈی کے سربراہ لالوپرساد یادو رانچی میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش ہونگے۔ممبئی کے ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج رہنے کے بعد وہ 25اگست کو پٹنہ پہنچے تھے۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے لالو یاد کی انتہائی ضمانت میں توسیع سے انکار کرتے ہوئے 30اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ جھارکھنڈ روانہ ہونے سے قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے لالو یادونے کہا کہ مختلف اسپتالوں میں علاج کرایا لیکن مکمل صحت یاب نہیں ہوا۔یہ عدالت کا فیصلہ ہے کہ جب بھی طبیعت ناساز ہوگی اسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا جائیگا۔عدالت پر پورا یقین ہے آج نہیں تو کل مجھے انصاف ضرورملے گا۔یادو نے کہا کہ رابڑی دیوی اور ان کے بچوں پر جتنے بھی کیس ہیں وہ سب بے بنیاد ہیں ۔ انتخابات تک ہمیں محدود دائرے میں رکھنے کی ساز ش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک طعنہ شاہی کی جانب گامزن ہے۔5دانشوروں کو گرفتار کیا گیا۔مودی جی خوفزدہ ہوگئے ہیں کہ مجھے قتل کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ کب کس رہنما کے ساتھ کیا کارروائی ہوگی کب کسے گرفتارکیا جائیگا یہ سارے معاملات طے شدہ ہوتے ہیں۔لالو پرساد نے نتیش حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بہار میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جہاں قتل اور زیادتی کے واقعات رونما نہ ہوتے ہوں۔روزانہ احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں ۔ریاست میں لاقانونیت کا راج ہے ۔’’ روم جل رہا تھا ، نیرو بنسی بجارہا تھا ‘‘نتیش کمار کی حالت اسی طرح کی ہے۔واضح ہو کہ چارہ گھوٹالہ کیس میں دسمبر2017ء کوعدالت کی جانب سے لالو پرسادقصوروار قراردیئے گئے جس کے بعد انہیں رانچی کی برسا منڈاسنٹرل جیل میں رکھا گیا تھا۔