بھیما کورے گاؤں تشدد : بائیں بازو اسکالرز کی گرفتاری پر ہنگامہ
مہاراشٹر۔۔۔۔۔مہا راشٹر کے پونے بھیما ، کورے گاؤں میں اس سال کی شروعات میں بھڑکے تشددکے معاملے میں پونے پولیس نے کئی شہروں میں ایک ساتھ چھاپے ماری کر کے 5 مبینہ نکسل حامیوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ان لوگوں کے گھروں سے ان کے لیپ ٹاپ ، موبائل فون اور بعض دستاویزات ضبط کئے ۔ پونے پولیس کا دعوی ہے کہ لوگوں کے بڑے نکسلائٹس سے رابطے ہوسکتے ہیں۔اس سلسلہ میں پولیس نے حیدرآباد سے شاعر اور بائیں بازو اسکالر ورور راؤ، فرید آباد سے سودھا بھاردواج اور دہلی سے گوتم نولکھا کو گرفتار کیا ہے جبکہ تھانے سے ارون فریرا اور گواسے برنن گونسالوس کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ سودھا بھاردواج نیشنل لا یونیورسٹی میں ایک گیسٹ فیکلٹی کے طور پر پڑھا رہی ہیں۔حالانکہ پنجاب ۔ ہریانہ ہائی کورٹ نے فرید آباد سے گرفتار سماجی کارکن سدھا بھاردواج کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر 3 دن کا اسٹے لگا دیا ہے۔وہیں اس معاملے میں پونے پولیس کے ذریعے گرفتار سرگرم دلت کارکن گوتم نولکھا کو دہلی ہائی کورٹ سے راحت مل گئی لیکن یہ راحت صرف ایک دن کیلئے ہے۔ ہائی کورٹ آج صبح پھر نولکھا کی درخواست پرسماعت کرے گی۔