وجے مالیہ کیلئے ممبئی کی جیل سج سنور گئی؟
ممبئی۔۔۔۔ممبئی کی آرتھر روڈ جیل کے بیرک نمبر 12کی صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بیرک کے فرش اور ٹائلز تبدیل کردیئے گئے۔ دیواروں پر رنگ و روغن اور باتھ روم نئے سرے سے تعمیر کیا گیا۔یہ تمام تیاریاں وجے مالیہ کی آمد کیلئے کی جارہی ہیں۔معروف بزنس مین وجے مالیہ نے برطانیہ سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی جیلوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ اگر مالیہ کو برطانیہ سے ہندوستان لایا گیا تو آرتھر جیل میں رکھا جاسکتا ہے۔ سی بی آئی مالیہ کو وطن واپس لانے کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ اس نے جیل میں تعمیر اس نئی اور تمام سہولتوں سے آراستہ بیرک کا وڈیو وزارت خارجہ کو ارسال کردیا ۔ پی ڈبلیو ڈی کا ٹھیکہ لینے والی پرمیش کنسٹرکشن کمپنی کے ٹھیکیدار شیو کمار پاٹل نے بتایا کہ بیرک نمبر 12کی از سرنو تعمیر کی گئی ۔ اسی سیل میں ممبئی حملے کے ملزم اجمل قصاب کو رکھا گیا تھا۔شیوکمار نے بتایا کہ بیرک نمبر 12کی طرف جانے والے تمام راستے پختہ بنائے گئے ، فرش اور دیواروں پر نئے ٹائلز لگائے گئے ۔آرتھر روڈ جیل کے پی ڈبلیو ڈی کے انجینیئر انچارج شیلیش پال کا کہنا ہے کہ انہوں نے وہاں صفائی ستھرائی اور تعمیر کا کام مکمل کرایا اور ایگزیکٹو انجینیئرز کو رابطے میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔واضح ہو کہ ہندوستان کے معروف تاجر وجے مالیہ پر بینکوں کا9ہزار کروڑ روپے کا قرض ہے جسے کنگ فشر ایئر لائنز کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا ۔ مالیہ کی ضمانت میں 12ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔