نیرو مودی نے ایک ’’نارنجی ہیرے‘‘سے کیا ہزاروں کروڑ روپے کا گھپلا
نئی دہلی۔۔۔۔نیرو مودی کی طرف سے پنجاب نیشنل بینک میں ہزاروں کروڑروپے کے گھپلے کو انجام دینے کے معاملے میں اب ایک ’’ نارنجی ہیرے ‘‘کی کہانی سامنے آئی ہے جس کے ذریعے اس فراڈ کو انجام دیا گیا۔ امریکہ میں نیرو مودی کی کمپنیوں کی تحقیقات میں یہ حقیقت سامنے آئی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق نیرو مودی نے دنیا کے مختلف ممالک میں قائم کردہ کمپنیوں میں اس ہیرے کا کاروبار کیا۔ 3قیراط والے ہیرے کی 2011ء میں نیرو مودی کی جانب سے مبینہ طور پر کنٹرول3کمپنیوں میں کم از کم 4مرتبہ خریدو فروخت راؤنڈ ٹرپنگ میں کی گئی۔’’ راؤنڈ ٹرپنگ‘‘ امپورٹ، ایکسپورٹ کا ایک ایسا کھیل ہے جس میں ایک ہی سامان کی کئی مرتبہ ہونیوالی ٹریڈنگ کو الگ الگ ٹرانزیکشن کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق نیرو مودی نے 2011سے 2017کے درمیان 21.38کروڑ ڈالر کا فرضی بل تیار کیا گیا ۔ اس بنیاد پر وہ پنجاب نیشنل بینک سے قرضے لیا کرتا تھا۔ سیل میں تیزی کے نام پر فرضی کاغذات تیار کرکے نیرو اور اس کے کارندوں نے مختلف ممالک میں 4ارب ڈالر کا قرض لیا۔ اس کیلئے 20فرضی کمپنیوں سے کاروبار ی لین دین ظاہر کیا گیا۔ اگست 2011ء میں نارنگی رنگ کا ایک چمکدار ہیرا سب سے پہلے امریکی کمپنی فائر اسٹار ڈائمنڈ کو فروخت کیا گیا، پھر اسے ہانگ کانگ میں واقع فینسی کریئشن نامی شیل کمپنی کو بیچا گیا۔