Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج حکومت کا ماتحت ادارہ ہے ، فواد چوہدری

اسلام آباد۔۔۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پاکستانی حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی ہے۔گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر عالمی لائحہ عمل بننا چاہیے۔ہند کے ساتھ امن چاہتے ہیں جنگ نہیں ۔عمران خان جو بھی کریں گے وہ پاکستان کے لیے ہوگا، اس بار حکومت اور فوج ایک پیج پر ہے اور کتاب بھی ایک ہے ٗفوج دیگر اداروں کی طرح حکومت کا ماتحت ادارہ ہے ٗ پالیسی بنانا حکومت کا کام ہے، تمام ملکوں کے ساتھ تعلقات کو آگے لے کر بڑھنا چاہتے ہیں ٗ چین کا پاکستان میں بہت بڑا اقتصادی مفاد ہے، سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان جیواکنامک معاہدہ ہے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ رات بہت بڑی سفارتی کامیابی ملی ٗگستاخانہ خاکوں کا مقابلہ ملتوی ہوگیا ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کی وجہ سے نیدرلینڈز نے  مقابلہ منسوخ کرنے کی اطلاع دی ۔پاکستان نے ترکی اور او آئی سی کو بھی موثر سفارت کاری میں شامل کیا ۔ وزیراعظم عمران خان خاکوں کے معاملے پر بہت دکھی تھے ٗخاکوں سے امت مسلمہ میں فتنہ پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔برطانیہ اور یورپ کے لوگ بھی خاکوں کے مقابلے کیخلاف تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیدرلینڈز میں ایک خاص طبقہ لوگوں کو زک پہنچانا چاہتا تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مغرب کو ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے قوانین لانے چاہئیں ۔کسی کو حق نہیں کہ دوسروں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائے۔انہوںنے کہا کہ ہم  ہندکے ساتھ امن چاہتے ہیں جنگ نہیں، دو جوہری ملک یا تو آپس میں جنگ کرلیں یا پھر یہ کہیں کہ ہم غربت کے خلاف جنگ کرتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ضروری ہے کہ چین کے ساتھ معاشی تعاون برقرار رکھیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہمارے امریکا یا روس کے ساتھ تعلقات خراب ہوں۔ جو ملک ہے اس کی پالیسی ایسی ہو کہ سب سے ساتھ آگے بڑھا جائے ۔انہوںنے بتایا کہ جی ایچ کیو میں وزیراعظم کو اہم بریفنگ دی گئی جس کا تعلق ملکی دفاع، سلامتی اور حساس معلومات سے تھا، گزشتہ روز تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کی صورتحال اور اسٹریٹیجک تعلقات پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔فوج کی تمام قیادت بریفنگ میں موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہر اس پالیسی پر عمل کرے گی جو سول حکومت بنائے گی ۔ تمام اداروں کی مشترکہ حکمت عملی سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں ۔ 

شیئر: