ایشین گیمز :گولڈ میڈل کیلئے پاکستان کی آخری امید ختم
کراچی: ایشین گیمز میں پاکستان قومی ہاکی ٹیم کے تیسری پوزیشن کیلئے ہارنے کے بعد اسکواش مقابلوں میں بھی پاکستانی ٹیم کو ملائیشیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اور برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ موجودہ گیمز میں پاکستانی ٹیم 4 برانز میڈلز کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 34 ویں نمبر پر ہے جبکہ ہندوستان 8نویں نمبر پر ہے۔ بیس بال میں پاکستان نے آخری گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو ہرا یا۔ ایونٹ کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان اور ہند کی ٹیمیں برانز میڈل کیلئے ہفتے کو مقابلے کریں گی۔ جکارتہ میں جاری ایشین گیمز کے اسکواش ایونٹ میں ملائیشیا نے پاکستان کو 2-0سے شکست دیکر مینز اسکواش ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سیمی فائنل میں ملائیشیا نے پاکستان کو پہلے سیٹ میں 6-11-8،11-6،11اور دوسرے سیٹ میں 7-11،11-8،16-14،11-6 سے ہرایا۔ پاکستان نے ایونٹ میں برانزمیڈل اپنے نام کیا۔ مینز ہاکی ایونٹ میں تیسری پوزیشن کیلئے پاکستان ہند سے ہارنے کے بعد برانز میڈل کی حقدار بھی نہیں ہو سکی۔ بیس بال ٹیم نے اپنے آخری گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو 2 کے مقابلے میں 12 رنز سے شکست دیدی۔ پاکستان کی جانب سے ارسلان جمشید نے 4، عبیداللہ نے 3 اور فضل خان نے 2 رنز اسکور کئے۔ پاکستان نے اس سے قبل انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کی ٹیموں کوشکست دی تھی جبکہ جاپان اور چین کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ رگبی میں چین نے پاکستان کو 53-0 سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے انڈونیشیا کو21-5 سے ہرایا۔ جوڈو مائنس100 کلوگرام فائٹ میں قازقستان کے ڈی وکٹر نے پاکستان کے شاہ حسین شاہ کو جبکہ 90 کلوگرام کیٹیگری میں چائنیز تائپے کے چیون شین نے پاکستان کے قیصرخان کو ہرایا۔