Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی ،مدھیہ پردیش اور راجستھان میں شدید بارش،20افراد کو سیلاب میں بچایاگیا

نئی دہلی۔۔۔۔یوپی ،مدھیہ پردیش اورراجستھا ن میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ یوپی کے ضلع اناؤ میں بارش کے دوران بیدھا پور تحصیل کے ٹھاکر گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان کی موت ہوگئی۔ حسن گنج تحصیل کے قصبہ نیوتنی میں مکان گرنے سے ملبے تلے دب کر خاتون ہلاک ہوگئی۔ برگد کا درخت گرنے سے مکان زمین بوس ہوگیاجس میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔سمیرپور علاقے کے جنگل بزرگ میں شدید بارش سے رام ولاس نگھ کا مکان منہدم ہوگیا۔ علاقے سے گزرنیوالا دریائے گنگا طغیانی آنے سے خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔صدر ،رفیع پور، بانگر مئو تحصیلوں میں واقع درجنوں گاؤں زیر آب آگئے ہیں۔فتح پور میں کئی مکان گر گئے۔ دریاؤں کی سطح آب میں اضافے اورسیلاب کے باعث علاقے کے مکینوں نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع کردیا۔ اوچھراگاؤں میں 20افراد سیلاب میں محصور ہوگئے تھے جنہیں ضلع انتظامیہ اور امدادو راحت رسانی کی ٹیموں نے موٹر بوٹ کی مدد سے موت کے منہ سے بچالیا۔اوچھرا کے دریا پر قائم پل زیر آب آنے سے ٹریفک اژدہام پیدا ہوگیا۔محکمہ ٹریفک نے آمدورفت کیلئے متبادل راستہ استعمال کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ ضلع انتظامیہ اور این ڈی آر ایف کے افسر نے بتایاکہ سیلاب میں محصور افراد یا کسی ناخوشگورواقعہ کی اطلاع ملنے پر فورا ً کارروائی کیلئے امدادی ٹیمیں ہمہ وقت تیار ہیں۔راجستھان میں گزشتہ 24گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ الور، بھرتپور، دوسا، دھول پور ، کوٹا، کرولی، سوائی مادھوپور ، ٹونک اضلاع میں شدید بارش سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بھرت پوراور اجین علاقے کے تھانہ انچارج وشمبھر نے بتایا کہ بھونٹ گاؤں میں مویشی کا چارہ لینے جانے والے ہردیال کی بجلی گرنے سے موت ہوگئی جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی۔
مزید پڑھیں:- - - -ٹرینوں اور گھروں میں لوٹ مار کرنیوالا گروہ گرفتار

شیئر: