Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین پاورلفٹنگ:پاکستان کی نمائندہ4 بہنیں

 
  دبئی:لاہور کے علاقے ساندہ کی رہائشی 4بہنیں پہلی مرتبہ دبئی میں ہونے والے ایشین پاور لفٹنگ مقابلے میں شرکت کررہی ہیں۔ چاروں بہنیں گزشتہ 4 سال سے قومی اوربین الاقوامی پاورلفٹنگ اورویٹ لفٹنگ مقابلوں میں باقاعدگی سے حصہ لے رہی ہیں اور متعدد کھیلوں میں گولڈ میڈل و دیگر تمغے بھی حاصل کرچکی ہیں۔ سب سے بڑی بہن سائبل سہیل ہیں جو پنجاب یونیورسٹی میں بی ایس اسپورٹس سائنسزکی طالبہ ہیں۔47 کلوگرام کیٹیگری کی سینیئر ویٹ لفٹر ہیں۔ سائبل اس سے پہلے سنگاپور میں ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ جیت چکی ہیں۔دوسری بہن ٹوئنکل سہیل انڈر 23 جونیئر ہیں۔ انھوں نے 72 کلوگرام کیٹیگری میں ہند سمیت، مسقط، عمان اور سنگاپور میں کبڈی، ویٹ لفٹنگ اور پاور لفٹنگ مقابلوں میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے اپنے نام کئے ہیں۔مریم 63 کلوگرام کیٹیگری میں سینئر اور ویرونیکا 47 کلوگرام کیٹیگری میں انڈر 17 جونیئر ہیں۔ چھوٹی دونوں بہنیں ابھی تک کسی بین الاقوامی مقابلے میں شریک نہیں ہوئیں لیکن اس بار ایک ساتھ بڑے ایونٹ میں شرکت پر بہت پرجوش ہیں، اس حوالے سے سائبل کا کہنا ہے کہ کھیلوں سے لگن اور محبت انھیں اپنے والد سے ملی۔ان کے والد کرکٹر تھے اور کرکٹ میں ہی اپنا مستقبل بنانا چاہتے تھے لیکن غربت اور پسماندگی نے ان سے ان کا شوق چھین لیا۔ انھوں نے کھیلوں سے محبت اور جنون کو اپنے بچوں میں منتقل کر دیا۔ یہی وجہ ہے کہ چاروں بہنوں نے وقفے وقفے سے پاور لفٹنگ، ویٹ لفٹنگ اور دیگر کھیلوں میں شمولیت اختیار کی اور اب تک قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں کئی تمغے جیت چکی ہیں۔

شیئر: