Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساف فٹبال: پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیپال کو شکست

 
ڈھاکا: ساف فٹبال چیمپیئن شپ میں پاکستان کی ٹیم نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیپال کو 1-2 گول سے ہرادیا۔ بنگا بندھو نیشنل اسٹیڈیم میں ساف فٹبال چیمپئن شپ کے میچ میں گرین شرٹس نے نیپال کو1-2 سے شکست دیدی۔ میچ کے آغاز پر دونوں جانب سے کئی عمدہ موو بنائی گئیں تاہم اس میں پہلی کامیابی پاکستان کو کھیل کے 36 ویں منٹ میں اس وقت ملی جب حسن بشیر نے پنالٹی کک پر گیند کو جال میں پہنچا کرٹیم کو برتری دلوادی، پہلے ہاف کا اختتام 1-0 سے پاکستان کے حق میں ہوا۔دوسرے ہاف میں نیپالی ٹیم نے جوابی حملوں میں شدت پیدا کئے رکھی۔ اس کے نتیجے میں کھیل کے 82ویں منٹ میں بیمل چتری میگار کے جوابی گول سے حساب 1-1 سے برابر ہوگیا۔ مقررہ وقت کی تکمیل پر بھی اسکور برقرار رہا لیکن انجری ٹائم کے چھٹے منٹ میں محمد علی نے فیصلہ کن گول داغ کر پاکستان کو میچ کے مکمل 3 پوائنٹس کا حقدار بنوادیا۔ اس کامیابی سے قبل ساف چیمپئن شپ میں پاکستان نے اس سے قبل 2005 ءمیں بھی اپنا ابتدائی میچ جیتا تھا۔ساوتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپیئن شپ(ساف) میں پاکستانی ٹیم کی اب تک کی بہترین کارکردگی 1997 ءمیں تیسری پوزیشن کا حصول رہی ہے، اس سے قبل پاکستان نے آخری بار اس علاقائی ایونٹ میں 2013ء میں شرکت کی تھی تاہم اس کے بعد پی ایف ایف کی اندورنی سیاست کے سبب پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل ایونٹس سے باہر رہی ہے۔ گرین شرٹس اب جمعرات کو ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ میزبان بنگلہ دیش کیخلاف کھیلیں گے جبکہ تیسرا اور آخری گروپ مقابلہ بھوٹان سے ہفتے کو شیڈول ہے۔یاد رہے کہ ہر گروپ سے 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرپائیں گی۔ گروپ بی میں ہند ، مالدیپ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ سیمی فائنلز 12 ستمبر جبکہ فائنل 15 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے جکارتہ میں منعقدہ ایشین گیمز میں بھی شرکت کی ہے۔ جہاں پر پاکستان نے 44 برس بعد پہلی کامیابی حاصل کی ہے۔ 
کھیلوں کی تازہ ترین خبروں کیلئے واٹس ایپ اسپورٹس گروپ جوائن کریں

شیئر: