بی جے پی رام کی بات کرتی ہے، مندر ناتھو رام کا بناتی ہے،سندھیا
نئی دہلی۔۔۔۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سندھیا نے ضلع عمریہ کے مانپور اسمبلی حلقہ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک کے تمام شعبوں میں جو ترقیاتی منصوبے نظر آرہے ہیں وہ کانگریس کے دور میں ہوئے۔ملک میں گزشتہ ساڑھے4برسوں میں جو کچھ ہوا ہے اُسے عوام دیکھ رہے ہیں۔ یہ راجیو گاندھی کی دور اندیشی ہی تھی کہ آج ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل ہے۔سندھیا نے مزید کہا کہ بی جے پی انتخابات جیتنے کے لئے’’ رام ‘‘کی بات کرتی ہے، ہمیشہ کہتی ہے کہ مندر وہیں بنائیں گے مگر تاریخ نہیں بتاتی۔ رام کا مندر تو نہیں بنا لیکن مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کا مندر ضرور بن گیا۔ انہوں نے اپنے فیس بک پر اِس جلسہ کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں سے پریشان عوام نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں تبدیلی کا ذہن بنا لیا ہے اور یہ جلسہ اس تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔واضح ہوکہ ہندو مہاسبھا نے گوالیار کے دولت گنج علاقہ میں ناتھو رام گوڈسے کا مندر بنوایا۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے 2014 میں کہا تھا کہ ناتھو رام گوڈسے ہمارے لئے محترم ہیں۔ اس کے بعد بی جے پی صدر امت شاہ نے انہیں خط لکھ کر صفائی دینے کی ایک رسمی کارروائی کی تھی۔