ریاض کے گوداموں میں آتشزدگی ، جانی نقصان نہیں ہوا
ریاض ..... شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ نے السلی کے علاقے میں واقع گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ۔ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ الوطن اخبار کے مطابق شہری دفاع کے کنٹرول روم میں اطلاع ملی تھی کہ السلی کے علاقے میں واقع گوداموں میں آگ لگ گئی ۔ اطلاع ملتے ہی فائر فائٹروں کی متعدد ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے متاثرہ گودام میں آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کیا اور جلد ہی آتشزدگی پر قابو پالیا ۔ شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تاہم کسی قسم کاجانی نقصان نہیں ہوا ۔ گودام میں بیٹریاں رکھی گئی تھیں جس کی وجہ سے کثیف دھواں علاقے میں پھیل گیا ۔