پی سی بی چیئرمین احسان مانی کو سعودی کرکٹ کی مبارکباد
سید مسرت خلیل:جدہ
سعودی کرکٹ سینٹر (ایس سی سی) کرکٹ بورڈ آف سعودی عربیہ کے چیف ایگزیکٹو ندیم ندوی نے ایس سی سی کی جانب سے اور سعودی کرکٹ کے سرپرست اعلیٰ پرنس ڈاکٹر فیصل بن محمد بن سعود بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ایس سی سی کے میڈیا کوارڈینیٹر سید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق ندیم ندوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ احسان مانی کی کرکٹ کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔انھوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کا سربراہ نامزد کیا اور وہ بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ مئی 2005 ء میں لاہور میں ڈویلپمنٹ کانفرنس اور آئی سی سی کی جنرل باڈی اجلاس کے دوران احسان مانی سے ذاتی طور پر ملاقات ہوئی تھی۔ اس وقت وہ آئی سی سی کے سربراہ تھے۔ ندیم ندوی نے کہا کہ وہ 30ستمبر2018 کو آئی سی سی کی جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور جائیں گے اور احسان مانی کو سعودی عرب کے دورے کی باقاعدہ رسمی دعوت دیں گے۔ احسان مانی نے اپنے جوابی پیغام میں ایس سی سی اور پرنس ڈاکٹر فیصل بن محمد بن سعود بن عبدالعزیز ال سعود کی جانب سے مبارک باد کا شکریہ ادا کیا۔