Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جموں وکشمیر کمیونٹی اوورسیز کی جانب سے یوم دفاع کے حوالے سے شاندار تقریب

6 ستمبر کا دن اُن شہداء اور غازیوں کے عزم کو تازہ کرتا ہے جنہوں نے کئی گنا طاقتور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ،یقین ہے کہ   اہل کشمیر کی قربانیوں کا صلہ بھی جلد ملے گا ، مقررین
 سردار غلام مصطفیٰ۔ جدہ
 جدہ میںجموں وکشمیر کمیونٹی اوورسیز(JKCO) کی جانب سے یوم دفاع کے حوالے سے شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ مقررین نے شہدائے قوم کیلئے خصوصی دعا کی اور6 ستمبر کے ہیروز کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی قوم 6 ستمبر 1965کا دن کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔ اُس دن دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستانی قوم بے سروسامانی کے عالم میں بھی صرف جذبہ ایمانی کے ساتھ اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کے دانت کھٹے کردیئے تھے ۔ وہ جو دعویٰ کرتے تھے کہ صبح کا ناشتہ لاہور میں کریں گے، انکے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے بلکہ وہ اپنے ہتھیار اور مردہ ساتھیوں کی لاشیں بھی چھوڑ کر فرار ہو نے پر مجبور ہوئے ۔شرکاء نے 65 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جانبازوں کی بے مثال قربانیوں کے سبب قوم کا سر ہمیشہ کیلئے بلند ہو گیا ۔ کشمیر میں بھی نوجوان 65 والے جذبے کو دہرا رہے ہیں۔ ہمیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ رب کریم اہل کشمیر کو بھی ان بے مثال قربانیوں کا صلہ ان شاء اللہ آزادی کی صورت میں دیگا۔ تقریب کی صدارت جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے چیئرمین سردار ایم اشفاق نے جبکہ نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل JKCO سردار وقاص عنایت نے کی۔
     صدر تقریب نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6ستمبر 1965 کو ہندنے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر جنگ مسلط کرکے صبح کا ناشتہ لاہور میں کرنے کا خواب دیکھا تھا جسے رب کریم نے اپنے خاص فضل وکرم سے ناکام بنا دیا ۔ اہل پاکستان نے اپنی جری افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے آہنی ٹینکوں کو ریت کے گھروندوں کی طرح بکھیر کر رکھ دیا ۔ دشمن طاقت کے نشے میں چور نو آزاد مملکت  کی جانب اس زعم سے حملہ آور ہوا تھا کہ وہ چند ساعتوں میں اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو سکے گا مگر وہ شاید اس حقیقت کو فراموش کر بیٹھاتھا کہ اس کا واسطہ ایک ایسی قوم سے پڑا ہے جو خدائے واحد و برتر کی عبادت کرتی ہے ۔ یہ قوم حق کیلئے مر مٹنے کو تیار رہتی ہے ۔وقت آنے پر دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ اپنے سے کئی گناہ زیادہ طاقتور دشمن کے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کو نہتے پاکستانیوں نے اپنے جسموں پر بم باندھ کر ہوا میں اڑا دیا ۔
     صدر محفل نے مزید کہاکہ دشمن یہ سوچ کر آیا تھا کہ نہتی پاکستانی قوم اس کے سامنے چند ساعات بھی نہیں ٹھہر سکے گی مگر وہ اپنا حشر دیکھ کر خون کے آنسورونے پر مجبور ہو گیا ۔ ان کی گنوں کی بیرل گولیاں اگلنا بھول گئیں۔ انکے جہاز پرواز کرنا بھول گئے۔ پاکستان کی بری بحری اور فضائی افواج نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بے مثال مظاہرہ کیا اور 17 دن کی جنگ میں کسی بھی محاذ سے دشمن کو آگے بڑھنے نہ دیا۔ پاکستان کی فوج کے شانہ بشانہ قوم کے ہر فرد ہر طبقے نے اس جنگ میں اپنا حصہ ڈالا اور دنیا کو بتایا کہ پاکستانی ایک بہادر، نڈر اور با صلاحیت قوم ہے جو اللہ کی مدد سے دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کو نیست ونابود کرنے کی ٹھان لے تو اسے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔
    تقریب میں شریک دیگر مقررین نے بھی جنگ کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری قوم پاکستان کی عوام اور افواج پاکستان کے شانہ بہ شانہ ہر مشکل وقت میں کھڑی رہے گی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان اس وقت مصائب کا شکار ہے ،اس کو مضبوط کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ ایک مضبوط اور معاشی طور پر خودمختار اور خودکفیل پاکستان کشمیر کا مقدمہ بہتر طریقے سے لڑ سکتا ہے۔ ہم سب کی دعا اورخواہش ہے کہ جس طرح آج کشمیر میں نوجوان ستمبر65 والے جذبے کو زندہ کیے ہوئے کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اللہ تعالیٰ ایک دن کشمیر کوبھی آزادی کی دولت سے مالا مال کردیگا۔
     تقریب میں چند روز قبل جی ایچ کیو میں ہونیوالی تقریب میں عسکری اور سیاسی قیادت کے اتحادواتفاق سے شرکت کو سراہا گیا۔ جن مقررین نے تقریب سے خطاب کیا ان میں سردار اشفاق، سردار عبداللطیف عباسی، غلام نبی بٹ، سردار اقبال، چوہدری خورشید متیال، راجہ زرین خان، چوہدری معروف حسین، سردار سجاد شاہین، عارف مغل، سردار ابرار شامل تھے۔
    تقریب کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی، استحکام ِپاکستان اور کشمیر کی آزادی کی دعا کی گئی۔
مزید پڑھیں:- - - -کوہستان ویلفیئر سوسائٹی کے محمد بشیر کیجانب سے عاصم خان کے اعزاز میں عشائیہ

شیئر: