خطرناک کتوں سے بچنے کیلئے گلہری نے باڑ پر سے چھلانگ لگادی
جمعرات 13 ستمبر 2018 3:00
لندن ..... یہاں جاری ہونے والی ایک وڈیو سب کو نہ صرف پریشان کررہی ہے بلکہ لطف اندوز ہونے کے مواقع بھی فراہم کررہی ہے کیونکہ انکے خو اب و خیال کے بالکل برعکس ایک گلہری تاروں سے بنی اونچی باڑ کے اوپر سے چھلانگ لگا تی نظر آتی ہے۔ کیونکہ چند خطرناک کتوں نے اسکا تعاقب شروع کردیا تھا اور آخر کار ننھی گلہری کیلئے جان بچانے کیلئے اسکے سوا کوئی صورت نہیں رہ گئی تھی کہ وہ باڑ سے چھلانگ لگا کر دوسری جانب چلی جائے۔ گلہری کا تعاقب کرنے والے کتے چاکلیٹی لیبروڈرز، نیو او ر بڈی نسل سے تعلق رکھتے تھے۔ جو شکاری کتوں کی نسلیں ہیں۔ یہ وڈیو لندن میں ہی تیار ہوئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ گلہری اپنے معمول کے مطابق بیٹر سی پارک میں لگی ایک آہنی باڑ پر چڑھنے کی کوشش کررہی تھی کہ کتوں کی نظر اس پر پڑی اوروہ بھونکتے ہوئے اس پر ٹوٹ پڑے۔ مرتی کیا نہ کرتی گلہری نے دوسری طرف باڑ عبور کرکے جانے کا فیصلہ کیا۔ چھلانگ لگائی اور اپنے مقصد میں کامیاب رہی۔ قبل اس کے کہ کتے قریبی گیٹ سے گلہری کے قریب پہنچتے وہ بڑی تیزی سے درخت میں جا چھپی تھی۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ انہوں نے گلہریوں کے مختلف کمالات تو دیکھے ہیں مگر ان سے ایسی بہادری کی توقع بالعموم نہیں ہوتی۔ جب گلہری باڑ کے اوپر چڑھ گئی تو خطرناک کتے زور و شور سے بھونک کر اسے پریشان کرتے رہے مگر کتوں کی ساری کوششیں رائیگاں گئیں۔کتوں کے مالک کا کہناہے کہ انہوں نے اس موقع کی وڈیو تیار کی ہے کیونکہ وہ بھی اب تک اس قسم کا دوسرا منظر کبھی نہیں دیکھ سکے تھے۔ مالک کا کہناہے کہ اتنا سنسنی خیز مقابلہ فلموں میں بھی نظر نہیں آتا۔