ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ: عدالت عظمیٰ نے پولیس رپورٹ مسترد کردی
جمعرات 13 ستمبر 2018 3:00
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ پر لیے گئے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران آئی جی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرقہ وارانہ قتل کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔
عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران خیبرپختون خوا حکومت کے سرکاری وکیل نے کہا کہ قتل و غارت گری کی روک تھام کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگائی گئی ہے ، شرپسند عناصر کے خلاف سرچ آپریشن بھی کیے گئے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈی آئی خان میں فرقہ وارانہ قتل کے خاتمہ کے لیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیے گئے ، چیف سیکرٹری رپورٹ دیں کہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے کیا کارروائی کی ہے ؟۔ عدالت نے آئی جی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا لگتا ہے کسی سیکشن آفیسر نے دفتر میں بیٹھ کر رپورٹ تیار کی ہے ۔