وزیر اعظم ہاﺅس کو ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنانے کا مشورہ
جمعرات 13 ستمبر 2018 3:00
اسلام آباد: کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر راحیل قمر نے تجویز دی ہے کہ وزیر اعظم ہاﺅس میں مستقبل کی ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی معاونت سے حکومت آئندہ 5 برس میں ایک کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ پورا کر سکتی ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر راحیل قمر نے کہا کہ بعض ملازمین کنٹریکٹ رینیو نہ ہونے پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔کوئٹہ میں کیمپس کے لیے بلوچستان حکومت نے ڈیڑھ سو ایکٹر زمین فراہم کی ہے تاہم 8 سال سے ایچ ای سی کے تحت پروجیکٹ فنڈنگ نہ ہونے کے باعث اس پر عمل نہیں ہو رہا ہے۔ کراچی اورکوئٹہ میں کیمپس بنانا چاہتے ہیں تاہم فنڈز کی قلت کا سامناہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کے ساتھ اورمارہ کے مقام پر ایک کیمپس قائم کرنے کی تجویز زیر غورہے جس میں مڈل ایسٹ اور بلوچستان سے طلبہ کو تدریسی سہولتیں دی جائیں گی۔کراچی کے لیے سابق چیف سیکرٹری نے 500 ایکڑ زمین دینے کا وعدہ کیا تھا، نئی حکومت سے امید ہے کہ وہ ان کا وعدہ پورا کرے گی۔