کلثوم نواز کی تدفین،لیگی کارکن آشکبار
لاہور ... سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکوجمعہ کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں جاتی امرا ءمیں ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی اسپتال کے وسیع و عریض گراﺅنڈ میں ادا کی گئی۔ معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے نماز جنازہ پڑھائی ۔محتاط اندازے کے مطابق نماز جنازہ میں 20 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں نواز شریف سمیت شریف خاندان کے افراد کے علاوہ مختلف حکومتی اور سیاسی شخصیات کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کارکنوں کی بڑی تعداد شامل تھی ۔ بیگم کلثوم نواز کے جسد خاکی کو جاتی امرا سے بڑے جنازے کی شکل میں شریف میڈیکل سٹی اسپتال لایا گیا۔جنازے کے دوران بعض رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔ اس موقع پرن لیگ کارکنان پرسوگ کا عالم طاری تھا۔کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین کے سلسلے میں جاتی امرا اور شریف میڈیکل سٹی کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ۔بیگم کلثوم نواز کے جسد خاکی کو جمعہ کی صبح پونے 7 بجے کے قریب پی آئی اے کی پرواز میں لاہور پہنچایا گیا تھا۔