حکومت ،مشرف غداری کیس کی پیروی جاری رکھے گی
اسلام آباد: پی ٹی آئی کی حکومت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی پیروی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ نے پراسیکیوٹر کے تقرر کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو پراسیکیوٹرکے تقرر کے لیے 3 ماہر وکلا کا پینل بھجوانے کا حکم دے دیا ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے ایف آئی اے کو واضح ہدایت جاری کی گئی ہے کہ پینل بھجوانے میں مناسب درکار وقت سے زیادہ تاخیر نہ کی جائے ۔ وفاقی حکومت یہ تاثر نہیں دینا چاہتی کہ حکومت اس کیس کو آگے بڑھانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے یا کوئی بیک ڈور رابطوں کا تاثر لے ۔ اسی امرکو مد نظر رکھتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ وقت ضائع کیے بغیر پراسیکیوٹرکی تعیناتی کے لیے وکلا کا پینل اور اس کے ساتھ ان کے کام کی شرائط سے آگاہ کرے ۔