بابر غوری کیخلاف نیب ریفرنس دائر
کراچی...نیب نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کردیا۔ہفتہ کو قومی احتساب بیورونے سابق وفاقی وزیر بابر غوری کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کا ریفرنس کراچی کی احتساب عدالت میں دائر کیا جسے عدالت نے سماعت کے لئے منظور کرلیا۔احتساب عدالت نے بابر غوری کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے ۔سابق چیئرمین کے پی ٹی جاوید حنیف سمیت دیگر 8 ملزمان کو بھی ریفرنس میں نامزد کیا گیا ۔ریفرنس کے مطابق ملزمان پر 2012 میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) 940 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 2 ارب 88 کروڑ 55 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔ بابر غوری پیپلزپارٹی کے مخلوط دور حکومت میں وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ رہ چکے ہیں۔