Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں باہر سے آنے والے جرائم میں ملوث ہیں‘ وزیر اعظم

کراچی: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نے کراچی میں قیام امن سے متعلق پوری بریفنگ لی ہے۔ شہر میں ٹارگٹ کلنگ تو کم ہوئی ہے تاہم اسٹریٹ کرائم پر قابو پانا باقی ہے۔ انہوں نے اسٹریٹ کرائم کی وجہ غربت اور ناخواندگی بتاتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم میں وہ لوگ ملوث ہیں جو یا تو باہر ممالک سے آئے ہیں یا ملک ہی کے دوسرے شہروں سے۔ وزیرا عظم نے بے روزگاری کو بھی جرائم کی جانب راغب ہونے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا۔ گزشتہ روز دورہ کراچی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈیمز بنانے کی کوشش نہ کی گئی تو بہت دیر ہوجائے گی اورجب تک کراچی ترقی نہیں کرے گا توملک آگے نہیں بڑھے گا۔ گورنر ہاﺅس میں ڈیمز فنڈ کی تقریب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سب کو پتا تھا کہ ملک کے لیے ڈیمز کتنے ضروری تھے لیکن کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی پر سب سے زیادہ کام ایوب خان کے دور میں ہوا اس کے علاوہ توانائی کے حصول کے لیے ماضی میں کسی نے نہیں سوچا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے تاکہ پاکستان ترقی کرے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ کورنگی میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا اور ساتھ ڈی سیلی نیشن پلانٹ بھی لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سرکلر ریلوے چلائیں گے اور ناردرن بائی پاس تعمیر کریں گے تاکہ شہر کا ٹریفک کا دباﺅ کم ہوسکے۔ شہر کا کچرا ختم کرنا ضلعی حکومتوں کی ذمہ داری ہے تاہم اگر2 ماہ میں کچرا ختم نہ ہوا تو وفاقی حکومت اس ضمن میں اقدامات کرےگی۔
 
 

شیئر: