کیریبئن پریمیئرلیگ:ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے دوسری بار ٹائنل جیت لیا
تروبا، ٹرینیڈاڈ: ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر کولن منرو کی ایک اورشاندار اننگز کی بدولت ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے مسلسل دوسری مرتبہ کیریبئن پریمیئرلیگ جیت لی۔ گیانا ایمیزون واریئررز کو 8وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیگ کے فائنل میں گیانا ایمیزون واریئررز نے فتح کے لئے ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کو 148رنز کا ہدف دیا جسے کولن منرو کے ناقابل شکست 68رنز کی بدولت 18ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا گیا ۔ منرو کے ساتھ کولن انگرام بھی 7رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جبکہ ٹرنباگو کے کھیری پائرے کو ان کی عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور کولن کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ پیش کیا گیا۔ فاتح ٹیم کے کپتان ڈوائن براوو نے ٹاس جیت کر پہلے گینا کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 9وکٹوں کے نقصان پر 147رنز اسکور کئے ۔ اوپنر لیوک رونچی44اور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے جیسن محمد24رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بغیر کسی اسکور کے پہلی وکٹ گرنے کے بعد لیوک رونچی اور شیمرون ہیٹمائر نے دوسری وکٹ کیلئے 52رنز کا اضافہ لیکن گیانا کی ٹیم ٹرنباگو کو بڑا ہدف نہیں دے پائی۔کھیری پائرے اور علی خان کی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے اس کے بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ علی نے 4اوورز میں20رنز دے کر ایک جبکہ کھیری نے 29رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کوآوٹ کیا۔2وکٹیں کپتان ڈوائن براوو کے حصے میں آئیں۔گیانا ایمیزون واریئرز مقررہ 20اوورز میں9وکٹیں گنوا کر147رنز ہی بنا سکے ۔ ہدف کے تعاقب میں برینڈن میکولم اور دنیش رامدین نے52رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ دونوںبالترتیب 39 اور 24 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ان کے بعد کولن منرو نے وکٹ سنبھالی اور بغیر آوٹ ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ ان کے ساتھ کھیلنے والے ڈیرن براوو کو ریٹائر ہونا پڑا تاہم کولن انگرام نے منرو کا عمدگی سے ساتھ دیا ۔منرو نے 18ویں اوور کی تیسری گیند پر سہیل تنویر کو چوکا لگاتے ہوئے 150رنز مکمل کرکے ٹیم کو چیمپیئن بنا دیا۔ کرس گرین اور رومیریو شیپرڈ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ دفاعی چیمپیئن ٹیم مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر تیسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں