Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سی پیک میں سرمایہ کاری کرے گا،فواد چوہدری

اسلام آباد....وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے سعودی عرب کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔سی پیک میں تیسرا اسٹریٹجک پارٹنر سعودی عرب ہوگا۔ سعودی عرب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی جو بھی معاہدے ہوں گے شفاف اور واضح ہوں گے۔سعودی عرب کی سیکیورٹی کا تحفظ پاکستان کی سیکیورٹی کا تحفظ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کی تجویز پر اعلی سطح کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سعودی وفد پاکستان آئے گا۔ سعودی وزیر خزانہ اور وزیر توانائی شامل ہوں گے ۔متحدہ عرب امارات میں طویل مشاورت ہوئی ہے۔اکتوبر میں عرب امارات سے بھی اعلی سطح کا وفد آئے گا۔جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے آگاہ کیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سعودی عرب اور یو اے ای سے تعلقات میں گزشتہ چند سالوں سے سرد مہری تھی وہ اس دورے سے ختم ہوئی ہے۔ کراچی میں پانی کی ترسیل کے حوالے سے یو اے ای سے بات کی جائےگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی پاکستان سعودی عرب کےساتھ ہے۔ سعودی عرب کو سی پیک کا پارٹنر بننے کی دعوت دی جو انہیں قبول کر لی۔ اس طرح سعودی عرب سی پیک میں تیسرا پارٹنر ہو گا ۔سی پیک منصوبوں میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی قیادت سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل بھی اٹھائے۔ یو اے ای احکام سے بھی وہاں مقیم پاکستانیوں کے مسائل پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری میں نئی گرمجوشی آئی ہے ۔سعودی عرب کے راستے بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہند کے ساتھ معاشی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ پاکستان کے ذریعے افغانستان تجارت کا راستہ کھول دیا جائے تو اس کا براہِ راست اثر سی پیک پر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جیل آنا جانا لگا رہےگا۔ان کی رہائی کیلئے کسی ملک سے ڈیل نہیں ہوئی، وہ اتنے اہم نہیں کہ سعودی عرب ان کےلئے ڈیل کرے۔نوازشریف اور مریم کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مقدمے میں خامیاں ختم کرکے نوازشریف کو وہیں پہنچائیں گے جہاں وہ رہائی سے پہلے تھے۔
 

شیئر: