Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ سپر 4:ہند نے پاکستان کو9وکٹوں سے ہرادیا

 
دبئی:ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں ہند نے پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا تے ہوئے ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 238 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنر شیکھر دھون اور کپتان روہت شرما نے سنچریاں بناتے ہوئے ہند کی جانب سے 210 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی۔ اس سے قبل اوپننگ پارٹنرشپ کا ریکارڈ گوتم گھمبیر اور وریندر سہواگ نے 2009ء میں ہملٹن میں نیوزی لینڈ کیخلاف 201 رنز بناکر قائم کیا تھا۔ شیکھر دھون 114 رنز بناکر رن آوٹ ہوئے۔ روہت شرما 111رنز کےساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ ہند نے ہدف صرف 39.3 اوور میں حاصل کرلیا۔ پاکستانی فیلڈرز نے ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی کیچز ڈراپ کئے جس کے باعث بولرز کوششوں کے باوجود کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ قبل ازیں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے بیٹنگ کا آغاز انتہائی محتاط انداز میں کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ امام الحق صرف 10 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ فخر زمان کچھ دیر وکٹ پر ٹھہر ے لیکن  زور دار ہٹ لگانے کی کوشش میں توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر گئے۔ گیند ان کے گلوز کو چھوتی ہوئی پیڈ پر لگی ، امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آوٹ قرار دے دیا۔ انہوں نے 31 رنز بنائے۔ ریویو لینے پر وہ آوٹ ہونے سے بچ سکتے تھے لیکن چانس ضائع کردیا گیا۔ بابر اعظم 9 رنر بناکر رن آوٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز نے غیرضروری تیزی سے رن لینے کی کوشش میں بابراعظم کو آواز دی لیکن خود پیچھے ہٹے ،انہیں واپس جانے کا کہا لیکن اس وقت تک دیر ہوچکی تھی ۔ یوں بابر اعظم رن آوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ سرفراز اور شعیب ملک نے 100 رنز کی شراکت قائم کی۔ سرفراز احمد نے 44 رنز بنا ئے۔ شعیب ملک نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 78 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں شاداب خان اور حسن علی نے انتہائی سست رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ آخری 42 گیندوں پر محض 37 رنز بنے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے۔ ہند کی جانب سے بمرا ، چاہل اور یادیو نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ سپر فور مرحلے کا آخری میچ کل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں میں سے جیتنے والی ٹیم ہند کیخلاف فائنل کھیلے گی۔ 
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز'واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں
 

شیئر: