ایشیا کپ سپر4: پاکستان کی افغانستان کیخلاف سنسنی خیز فتح
ابو ظبی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سپر 4 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو3وکٹوں سے سنسنی خیز شکست دیدی۔ افغانستان نے پاکستان کو جیت کیلئے 258 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے49.3اوورز میں 7وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 51رنز بنا کرناٹ آوٹ رہے انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ابو ظبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے ابتدائی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان نے سست آغاز کیا ،31 رنز پر اس کی 2 وکٹیں گرگئیں۔محمد شہزاد نے 20اور احسان اللہ نے 10رنزبنائے۔ حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔کپتان اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی بدولت افغانستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔ اصغر افغان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے5چھکوں کی مددسے 67 رنز بنائے ۔ دیگر افغان بلے بازوں نے حشمت اللہ کا بھرپور ساتھ دیا۔حشمت اللہ بدقسمتی سے سنچری مکمل نہیں کرسکے انہوں نے 97 رنز ناٹ آوٹ بنائے ۔افغانستان نے6وکٹوںپر 257رنزبنائے۔ محمد نواز نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے حصول کیلئے فخرزمان ایک بار پھر ناکام ہوئے اور6گیندیں کھیل کرصفر پر آوٹ ہو گئے۔انہیں مجیب الرحمان نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی اوراسکور کو154رنز تک پہنچا دیا۔اس موقع پر امام الحق 80رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 66رنز بنائے۔ حارث سہیل جنہیں فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا بہتر کارکردگی نہ دکھا سکے اور 13رنز بنا کر مجیب الرحمان کی گیند پر احسان اللہ کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان سرفراز احمد ہند سے ہارنے کے بعد پریشر سے نہ نکل سکے اور 8رنز بنا کر گلاب دین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔آصف علی نے ایک بار پھر غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اورایک چھکا لگا کر 7رنز پرراشد خان کی گیند پرآفتاب عالم کو کیچ دےدیا۔تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سنسنی خیز اننگز کھیلتے ہوئے 51رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی انہوںنے سینیئر ہونے کا حق ادا کر دیا ،شعیب ملک کو سنسنی خیز اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیاجبکہ محمد نواز اور حسن علی نے ان کا ساتھ دیا۔ پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں، محمد عامر، شاداب خان اور فہیم اشرف کو ڈراپ کیا گیا ان کی جگہ محمد نواز، حارث سہیل جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے ڈیبیو کیا شامل کیا گیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز "واٹس ایپ اسپورٹس گروپ" جوائن کریں