Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات میں ووٹ ڈالنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے، احمد الدین اویسی

 مجلس کے قائم کردہ   اسکولز میں   9ہزار سے زائد   بچے مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں ، بزم گلوبل کے صدر کا ریاض میں تقریب سے خطاب
 
کے این واصف ۔ ریاض
    ووٹ کے استعمال کا حق ہمیں  دستور نے دیا ہے  جمہوری نظام میں یہ ہر شخص کی طاقت ہے۔ ووٹ ڈالنا ہمارا فرض ہے، اس میں تجاہل و کوتاہی کی ہمیں بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔ یہ بات ’’بزم گلوبل‘‘ کے صدر احمد الدین اویسی نے کہی۔ وہ ریاض میں’’حالات حاضرہ‘‘ کے عنوان پر ایک محفل سے خطاب کررہے تھے۔ اس جلسے کا اہتمام بزم اتحاد ریاض یونٹ نے کیا تھا۔ احمد الدین اویسی مختصر دورے پر ریاض آئے ہوئے تھے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احمد اویسی نے مزید کہا کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی ملت کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی میدان میں انجام دی ہوئی خدمات ملک بھر کیلئے ایک مثال ہے۔ مجلس نے  حیدرآباد میں2 بڑے ملٹی اسپیشلسٹ اسپتال قائم کئے ہیں جہاں غریب اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو صرف 10روپے جیسی معمولی فیس ادا کرکے کسی بھی مرض کے اسپیشلسٹ سے اپنا علاج کروا سکتے ہیں۔ نیز ان اسپتالوں میں ڈائیلاسیس جیسی مہنگی طبی خدمت صرف 500روپے فیس کے عوض حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مجلس کی تعلیمی خدمات کے بارے میں کہا کہ مجلس کے قائم کردہ پروفیشنل کالجز گزشتہ2 دہائیوں سے زائد عرصے سے اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ  خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مجلس کے قائم کردہ ان اسکولز میں فی الوقت 9ہزار سے زائد ایسے بچے مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں جن کے ماں باپ اپنے بچوں کو فیس ادا کرکے اسکول بھیجنے کے متحمل نہیں۔ ان بچوں کو اسکول یونیفارم اور دیگر ضروریات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس اپنی خدمات کا ڈھنڈورا نہیں پیٹتی۔ مجلس کی عوامی خدمات پر سوال اٹھانے او ربے جا تنقید کرنے والے خود مجلس کی خدمات کا جائزہ لیں تو انہیں پتہ چلے گا کہ مجلس عوامی خدمت کی انجام دہی میں کس قدر سنجیدہ اور مخلص ہے۔ اویسی نے کہا کہ سیاسی سطح پر مجلس ریاستی اسمبلی او رپارلیمنٹ میں مسلمانوںاور پسماندہ طبقات کی ایک طاقتور آواز ہے۔ حیدرآباد میں مجلس کے مرکزی دفتر پر ہر روز ہزاروں افراد اپنے مسائل لیکر مجلسی قائدین سے رجوع ہوتے ہیںجہاں مجلس کے صدر اور دیگر عوامی  نمائندے ان کے مسائل حل کرواتے ہیں۔ مجلس کے دفتر پر برسوں سے ہر روز لوگوں کا ہجوم جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں انکے مسائل حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجلس کے مسلمانوں اورپسماندہ طبقات کے عظیم تر مفاد میں تلنگانہ کی ریاستی حکومت سے تعلقات استوار رکھے ہوئے ہے۔احمد اویسی نے یہاں مقیم ہندوستانیوں سے کہا کہ وہ وطن میں اپنے متعلقین کو ووٹر لسٹ میں نام شامل کروانے پر زور دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کا نقارہ بج چکا ہے۔ انہوں نے این آر آئیز سے کہا کہ وہ اپنے خاندان اور احباب کو مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کی طاقتور   ۔محفل کا آغاز حافظ و قاری خواجہ علیم الدین کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ ابتداء میں تجمل علی خان نے حاضرین کا خیر مقدم کیا اور کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی 70سالہ عوامی خدمات پر روشنی بھی ڈالی۔نائب صدر بزم اتحاد ریاض محمد رفیق نے کہا کہ حکومت ِ سعودی عرب نے اب حج و عمرہ پر آنے والے تمام افراد کو مملکت کے تمام شہروں کی زیار ت کی اجازت دیدی ہے۔ انہوں نے صدر گلوبل بزم اتحاد احمد الدین اویسی سے خواہش کی کہ جب بھی مجلس کے قائدین جدہ تشریف لائیں انہیں ریاض کے دورے پر لے آئیں تاکہ یہاں محبان مجلس اپنے قائدین سے ملاقات کرسکیں اور ان سے حالات حاضرہ پر سننے کا موقع حاصل کرسکیں۔مقامی ریستوران کے ہال میں منعقدہ تقریب میں محبان مجلس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر حافظ خواجہ علیم الدین نے احمدالدین اویسی کی شال پوشی کی۔ ناظم محفل تجمل علیخان کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
مزید پڑھیں:- - - - - -دبئی میں دوسرے پاکستان پراپرٹی شو کا انعقاد

شیئر: