Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب اسمبلی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیخلاف قرارداد

لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے ایشیا کپ کرکٹ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے سپر4میں ہندنے پاکستان کو یکطرفہ طور پر 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں دوسری فتح حاصل کی تھی۔ پنجاب اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایشیاکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔حنا پرویز بٹ نے قرارداد میں کہا کہ روایتی حریف سے مسلسل دوسری شکست سے پوری قوم کو دلی صدمہ ہوا ہے اور پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ قومی خزانے سے کرکٹ ٹیم پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹیم کوئی خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کرنے میں ناکام ہے۔ چھوٹی اور ناتجربہ کار ٹیموں سے آسانی سے میچ جیت لئے جاتے ہیں لیکن سرفراز الیون میں بڑی ٹیموں سے مقابلہ کرنے کی اہلیت ہی نہیں۔ ایوان سے مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت ایشیا کپ میں پاکستان کی ہند کے ہاتھوں دوبار شکست کا نوٹس لے اور پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیجائے۔قرار داد میں کہا گیا کہ پارلیمانی کمیٹی معاملے کی 30 دن میں انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے۔حنا پرویز بٹ نے زور دیا کہ تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان خود بھی کرکٹر رہے ہیں ان کو اس شکست پر نوٹس لینا چاہیے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: